امریکہ،نیو جرسی میں خاتون نے چھینک ماری تو سٹور نے 56لاکھ کی اشیاء تلف کردیں

نیو جرسی:کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکا کی ریاست نیوجرسی کے ایک سپر اسٹور کو تقریبا 56 لاکھ روپے کی سبزیوں، گوشت، بیکری کے سامان سمیت دیگر اشیائے خورونوش کو اس وقت پھینکنا پڑا جب ان کے قریب ایک خاتون نے کھانسی کی اور چھینک ماری۔امریکا کی متعدد ریاستوں میں پہلے ہی کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے جزوی لاک ڈان ہے اور گھر کے صرف ایک ہی فرد کو ضروری اشیا لینے کی اجازت دی گئی ہے۔امریکا میں اس وقت تیزی سے کورونا کے نئے کیسز سامنے آ رہے ہیں اور 27 مارچ کی صبح تک وہاں مریضوں کی تعداد 86 ہزار تک جا پہنچی تھی اور ہلاکتوں کی تعداد بھی 1200 تک جا پہنچی تھی۔خیال کیا جا رہا ہے کہ امریکا میں ہلاکتوں کی تعداد بھی دنیا میں سب سے زیادہ ہوگی، کیوں کہ وہاں ہلاکتیں بھی تیزی سے بڑھ رہی ہیں۔کورونا کے تیزی سے پھیلنے کی وجہ سے انتظامیہ اور کاروباری اداروں نے پہلے ہی حفاظتی انتظامات کو سخت کر رکھا ہے اور جس سپر اسٹور نے خاتون کے کھانسنے اور چھینکنے کے بعد غذائی چیزوں کو پھینکا اس اسٹور نے بھی حفاظتی انتظامات کے تحت لوگوں کو ایک دوسرے سے فاصلہ رکھنے کے انتظامات بھی کر رکھے تھے۔ا امریکی ریاست پنسلوانیا اور نیو جرسی میں متعدد سپر اسٹورز رکھنے والے اسٹور چین نے اپنی فیس بک پوسٹ پر بتایا کہ ان کے ایک اسٹور کے غذائی قلت والے ایریا میں خاتون کو چھینک آگئی جس کے بعد انہیں احتیاط کے طور پر تمام غذائیں چیزیں اسٹور سے باہر کرنی پڑیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ گیرٹی سپر مارکیٹ کی جانب سے فیس بک پوسٹ میں بتایا گیا کہ یہ واضح نہیں ہے کہ خاتون نے مذاق میں اسٹور کی غذائی چیزوں والے حصے میں چھینکا یا انہیں واقعی کوئی بیماری یا مسئلہ لاحق تھا۔تاہم خاتون کے کھانسنے اور چھینکنے کے بعد اسٹور کے عملے نے شیلف میں موجود ساری سبزیوں، گوشت اور بیکری کی کھانے کی چیزوں سمیت تمام چیزوں کو اسٹور سے باہر کردیا۔اسٹور انتظامیہ نے بتایا کہ وہ پہلے سے ہی کورونا وائرس کی وجہ سے مسائل اور غذائی قلت کا سامنا کر رہے ہیں تاہم اس باوجود انہوں نے چھینک یا کھانسی سے متاثر تمام غذائی چیزوں کو باہر کردیا۔اسٹور انتظامیہ کا کہنا تھا کہ وہ کسی طرح کا کوئی رسک نہیں لینا چاہتے تھے، اس لیے انہوں نے احتیاطی تدابیر کے پیش نظر تمام غذائی اشیا جو کہ تقریبا 56 لاکھ روپے مالیت کی تھیں، انہیں اسٹور سے باہر کردیا اور ان کی فروخت بند کردی۔اسٹور انتظامیہ کا کہنا تھا کہ خاتون کی جانب سے کھانسنے اور چھینکنے کی بات سے مقامی پولیس کو آگاہ کردیا گیا جس کے بعد خاتون کے طبی معائنے کا انتظام بھی کیا جا رہا ہے۔واشنگٹن پوسٹ کے مطابق مذکورہ واقعہ نیوجرسی کے شہر ہونور ٹان شپ کے ایک اسٹور میں پیش آیا، جہاں پہلے ہی ملازمین اور صارفین کو ایک دوسرے سے دور رہنے کی ہدایات کی گئی تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں