بلوچستان میں 3ڈاکٹرز اور ایک ٹیکنیشن میں کرونا وائرس کی تصدیق ، ڈاکٹر ظفر مرزا

کوئٹہ:بلوچستان میں 3ڈاکٹروں اور ایک ٹیکنیشن میں کورونا وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوگئی جبکہ ایک درجن سے زائد کے ٹیسٹ نتائج آنے باقی ہیں، ذرائع کے مطابق بلوچستان میں 3 ڈاکٹروں ڈاکٹر جہانزیب، ڈاکٹر ضیا ء الحق ناصر، ڈاکٹر فضل الرحمن بابراورایک ٹیکنیشن بصیر میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے، یہ تمام ڈاکٹرکوئٹہ اور گردونواح میں فرائض سرانجام دے رہے تھے جبکہ ان میں کوئی بھی کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج نہیں کر رہا تھا، وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد تین ڈاکٹروں کو شیخ زید ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا جبکہ ڈاکٹر فضل الرحمن بابر نے اپنے آپ کو اپنے گھر میں آئی سولیشن میں منتقل کردیا ہے، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے ترجمان ڈاکٹر رحیم بابر نے ڈاکٹروں میں وائرس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ3 ڈاکٹروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 10سے زائد کے نمونے حاصل کئے گئے ہیں ڈاکٹروں کے ٹیسٹ کا سلسلہ آج بھی جاری رہے گا، انہوں نے بتایاکہ کورونا وائرس اب مقامی طور پر بھی منتقل ہو رہا ہے۔وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مراز نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے 12 ہزار سے زائد مشتبہ کیسز ہیں۔معاون خصوصی برائے نیشنل سیکیورٹی معید یوسف اور چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کے ہمراہ میڈیا بریفنگ کے دوران ڈاکٹر ظفر مرزا نے کورونا وائرس سے متعلق اعداد وشمار بھی پیش کیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں