”حالات مزید خراب ہوں گے!“ برطانوی وزیراعظم کا عوام کے نام خط

لندن، برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے خبردار کیا ہے کہ برطانیہ میں کورونا وائرس کی وبا سے حالات مزید خراب ہوں گے، جس کے بعد بہتری آئے گی۔ ٹوئٹر کے ذریعے عوام کے نام اپنے خط میں انہوں نے کہا سائنسی اور طبّی مشوروں میں جو کچھ انہیں بتایا جائے گا، ان کی حکومت اس پر عمل کرنے میں ذرا بھی نہیں ہچکچائے گی۔دنیا کے بیشتر ممالک کی طرح برطانیہ میں بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلیے پچھلے ہفتے سے عوامی اجتماعات اور دو سے زیادہ افراد کے ایک جگہ جمع ہونے پر پابندی ہے جبکہ بنیادی ضرورت سے ہٹ کر دوسری تمام اشیاء فروخت کرنے والی دکانیں بھی بند کروا دی گئی ہیں۔اپنے خط میں بورس جانسن نے لکھا کہ ان کی حکومت درست انداز میں تیاریاں کررہی ہے اور ہم (برطانوی عوام) قوانین پر جتنا زیادہ عمل کریں گے، اتنی ہی کم جانیں ضائع ہوں گی اور زندگی بھی اتنی ہی جلد معمول پر واپس آجائے۔طبّی ماہرین پہلے ہی خبردار کرچکے ہیں کہ آئندہ دو ہفتوں میں کورونا وائرس کے متاثرین اور اموات، دونوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا، جس کے بعد پابندیوں اور سماجی فاصلوں جیسے اقدامات کے مثبت اثرات سامنے آنا شروع ہوں گے۔یہی خط برطانیہ میں تین کروڑ گھروں کو بھی بھیجا جائے گا جس پر اندازاً 58 لاکھ پاؤنڈ (ایک ارب 20 کروڑ پاکستانی روپے) لاگت آئے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں