افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے، آرمی چیف
راولپنڈی (آئی این پی) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ضم شدہ قبائل علاقوں کے عوا م کی امن کے لئے قربانیوں اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کی بھرپور حمایت پران کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاہے کہ استحکام کی جاری کوششیں پائیدار امن واستحکام کو تقویت دینے کیلئے ثمرآور ثابت ہوں گی، پاکستان جاری بین الافغان مذاکرات کی حمایت جاری رکھے گا کیونکہ افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جمعہ کو چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کورہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ کیا جہاں انہیں سلامتی کی صورتحال، نئے ضم شدہ اضلاع میں پولیس اور ایف سی کی صلاحتیں بڑھانے اور باڑ لگانے سمیت سرحدی انتظام سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ چیف آف آرمی اسٹاف نے پشاور کور کے جوانوں اور افسران،قانون نافذ کرنے والے اداروں، ایف سی اور پولیس کی قبائلی اضلاع میں استحکام لانے کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے ساتھ تعاون اور امن کے لئے مقامی لوگوں کی قربانیوں کی بھی تعریف کی۔چیف آف آرمی اسٹاف نے کہا کہ استحکام کی جاری کوششیں پائیدار امن واستحکام کو تقویت دینے کیلئے ثمرآور ثابت ہوں گی جبکہ بارڈر کنٹرول کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کے فوائد کو اجاگر کرتے ہوئے چیف آف آرمی اسٹاف نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن کیلئے جاری بین الافغان مذاکرات کی حمایت جاری رکھے گا کیونکہ افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق قبل ازیں پشاور پہنچنے پر کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔


