جھانوی کے بعد سری دیوی کی دوسری بیٹی بھی جلد پردے پر نظر آئیں گی

بالی وڈ فلم انڈسٹری کے معروف پروڈیوسر بونی کپور اور آنجہانی اداکارہ سری دیوی کی بیٹی خوشی کپور بھی جلد فلمی دنیا میں نظر آئیں گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق خوشی کپور کے والد پروڈیوسر بونی کپور نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ خوشی کو اداکاری میں دلچسپی ہے اور آپ لوگ جلد اس حوالے سے اعلان سنیں گے۔
بونی کپور نے کہا کہ ‘میرے پاس وسائل ہیں لیکن میں چاہتا ہوں کہ خوشی کپور کو میرے بجائے کوئی اور لانچ کرے کیوں کہ میں اس کا والد ہوں، بطور فلم ساز میں ایسا نہیں کرسکتا اور یہ ایک اداکار کے لیے بھی اچھا ثابت نہیں ہوتا’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘میں چاہتا ہوں کہ خوشی خود اپنے بل بوتے پر کام کرے، خوشی کا لانچ کسی ایسے شخص کے ذریعے کیا جائے گا جس کا میں احترام کرتا ہوں اور جس کے بارے میں میں خود کو محفوظ محسوس کرتا ہوں’۔
خیال رہے کہ 2018 میں سری دیوی اور بونی کپور کی بیٹی جھانوی کپور نے بالی وڈ میں فلم ‘دھڑک’ میں اداکاری کے جوہر دکھا کر قدم رکھا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں