لسبیلہ انتظامیہ اورٹرانسپورٹرز میں مذاکرات کامیاب ہڑتال موخر
حب(نمائندہ انتخاب)ایرانی تیل کی ترسیل پر حکومت کی جانب سے عائد پابندی کے خلاف ایرانی تیل کے کاروبار سے منسلک ٹرانسپورٹرز کا ناکہ کھارڑی کے مقام پر احتجاجی کیمپ پانچویں روز میں داخل ہو گیا،ٹرانسپوٹرز کی جانب سے 20جنوری کو صوبہ بھر میں پہیہ جام ہڑتا ل کال کے بعد ڈپٹی کمشنر لسبیلہ،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لسبیلہ کی ٹرانسپورٹرز کی احتجاجی کیمپ آمد،ٹرانسپورٹرز رہنماؤں سے کامیاب مذاکرات،اعلیٰ حکام سے ملاقات کرانے اور مسئلے پر بات چیت کرنے کی یقین دہانی پر ٹرانسپورٹرز کا 3دن کیلئے پہیہ جام ہڑتال موخر کرنے کا اعلان کردیا اس حوالے سے بتایا جاتا ہے کہ ایرانی تیل کے کاروبار سے منسلک ٹرانسپوٹرز کی جانب سے ایرانی تیل پر حکومتی پابندی کے خلاف ناکہ کھارڑی کے مقام پر قائم احتجاجی کیمپ میں گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حسن وقار چیمہ، ایس ایس پی لسبیلہ طارق الٰہی مستوئی اور اے سی حب لیفینٹ (ر)محمد احمد ظہیر نے ٹرانسپورٹرز رہنماؤں سے ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ ان کے مسائل کے حوالے سے گزشتہ دنوں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا تھا جس کے بعد ٹرانسپورٹروں سے ملاقات کا سلسلہ شرو ع کردیا گیاہے مکران اور قلات کے ٹرانسپورٹرز سے بھی آئندہ ایک دوروز میں کوئٹہ میں اعلیٰ حکام کی ملاقات کرائی جائیگی اور اس موقع پر ٹرانسپورز رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ سے کامیاب مذاکرات کے بعد 20جنوری کو ہونے والی پہیہ جام ہڑتال کی کال واپس لیکر3دن کیلئے موخر کردیا اور کوئٹہ میں اعلیٰ حکام سے ملاقات کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل سے آگاہ کیا جائیگا۔


