لاک ڈاؤن میں چھپ چھپاکر شادی، پولیس نے رنگ میں بھنگ ڈال دیا
لندن: پولیس نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سجائی گئی شادی کی تقریب ہی رکوادی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق لندن میٹروپولیٹن پولیس نے کووڈ 19 لاک ڈاؤن کے دوران شادی کی تقریب منعقد کرنے پر اسے لاک ڈاؤن کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے تقریب منسوخ کرادی۔
رپورٹس کے مطابق برطانیہ میں کورونا کی دوسری لہر کے بعد سخت لاک ڈاؤن نافذ ہے جس میں صرف غیر معمولی حالات میں صرف 6 افراد کی موجودگی میں شادی کی اجازت ہے جب کہ پولیس کو ایک ایسی شادی کی تقریب کی اطلاع ملی تھی جس میں تقریباً 400 افراد شریک تھے۔
پولیس نے اطلاع ملنے پر کارروائی کی تو شمالی لندن کے علاقے میں قائم ایک اسکول میں چھپ چھپا کر شادی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا اور اس تقریب کو چھپانے کے لیے اسکول کی کھڑکیاں دروازے بھی بند رکھے گئے تھے۔
پولیس نے جیسے ہی شادی کی تقریب پر چھاپہ مارا تو وہاں موجود کئی افراد پولیس کو دیکھتے ہوئے بھاگ گئے البتہ پولیس نے 5 افراد کو پکڑ کر ان پر 200 پاؤنڈ جرمانہ عائد کیا اور تقریب ختم کرادی۔
میٹرو پولیٹن پولیس کا کہنا ہےکہ تحقیقات کے بعد یہ ثابت ہوا کہ تمام افراد شادی کی تقریب کے لیے اس جگہ جمع تھے جس پر تقریب منعقد کرنے والوں پر 10 ہزار پاؤنڈ جرمانہ عائد کیا جائیگا۔
پولیس چیف کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی ناقابل قبول اور قانون کی خلاف ورزی ہے، ملک بھر کے لوگ اپنی شادیاں منسوخ یا مؤخر کرکے قربانی دے رہے ہیں لہٰذا ایسے ماحول میں یہ رویہ ناقابل قبول ہے۔


