ملا عبد الغنی برادرکی قیادت میں طالبان کا وفد امن عمل پر بات چیت کیلئے تہران پہنچ گیا
تہران:قطر میں طالبان کے سیاسی دفتر کے سربراہ ملا عبد الغنی برادرکی قیادت میں طالبان کاایک وفد امن عمل پر بات چیت کیلئے تہران پہنچا ہے۔ طالبان ترجمان محمد نعیم اور ایران کے وزارت خارجہ نے طالبان کے وفد کے دورے کی تصدیق کی ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دورہ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کی دعوت پر ہو رہا ہے۔ دورے کے دوران طالبان کے سیاسی نمائندے ایرانی وزیر خارجہ کے علاوہ دیگر حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ بیان میں مزید کہا گیاکہ طالبان کے دورہ تہران کا مقصد ایران کی افغان تنازعہ میں فریقوں تک رسائی ہے۔ طالبان ترجمان نے اپنے ٹوئٹر پر کہا ہے کہ دورہ ایرانی حکومت کے باضابطہ دعوت پر ہو رہا ہے جس کے دوران افغانستان اور خطے میں امن اور سلامتی کے علاوہ ایران میں افغان مہاجرین کی مشکلات سے متعلق بھی گفتگو ہو گی۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال بھی ملا عبد الغنی برادرکی قیادت میں طالبان کے وفد نے ایران کا دورہ کیا تھا۔


