سینیٹ الیکشن:مناسب وقت پر فیصلہ کرینگے، ہارس ٹریڈنگ کا خاتمہ ناگزیر ہے، نواب زہری

کوئٹہ:سابق وزیراعلیٰ بلوچستان،چیف آف جھالاوان ورکن صوبائی اسمبلی نواب ثناء اللہ زہری نے کہاہے کہ بلوچستان کے مسائل کے مستقل حل اور ایوان بالا میں بھرپور آواز بلند کرنے کیلئے سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کا خاتمہ ناگزیر ہے،صوبائی اسمبلی میں موجود جماعتیں صوبے کی روایات کو مدنظررکھتے ہوئے سینیٹ کیلئے اصل عوامی نمائندگان کا انتخاب کریں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے آن لائن سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ بلوچستان پر ہارس ٹریڈنگ کا ایک سوالیہ نشان ہمیشہ سے رہاہے تاہم وقت کی اہم ضرورت ہے کہ اب اس سوالیہ نشان کو دور ہٹا دیاجائے آنے والے سینیٹ انتخابات میں ان عوامی نمائندگان کو سامنے لانے کی ضرورت ہے جو ایوان بالا میں بلوچستان کے مفادات کے حصول اور یہاں کے مسائل کے حل کیلئے موثر آواز بلند کرے سینیٹ میں پہلے ہی ہماری نمائندگی کم ہے ایسے میں اگر ہم ان افراد کو ایوان بالا بھیجیں جو صوبے کو پس پشت ڈال دیں تو یقینا اس کا نقصان بلوچستان اور یہاں بسنے والے تمام اقوام کو ہوگا جو کسی کے مفاد میں نہیں لہٰذا مجموعی مفادات کیلئے ہم سب کو بہترفیصلے کی جانب جاناچاہیے انہوں نے کہاکہ میں سمجھتاہوں کہ سینیٹ انتخابات میں سندھ اور پنجاب کے طرز کے لائحہ عمل کو اپنانا بہترین عمل ہوگا جس طرح انہوں نے افہام وتفہیم سے نمائندگان کے انتخاب کو مقدم رکھا ہمیں بھی اسی طرز سیاست پر چلتے ہوئے باہمی رضا مندی اور اتفاق رائے سے بہترین سیاسی شعور وبصیرت رکھنے والے نمائندگان کو سینیٹ میں بھیجناچاہیے اور یہی ہمارے بلوچستان میں آباد بلوچ اور پشتون روایات کامظہر بھی ہوگا کیونکہ یہاں آباد اقوام ہمیشہ سے اتفاق رائے کو مقدم رکھتی رہی ہے اور ایک بہترین مثال ایوان میں بھی دی جاسکتی ہے کہ ہم نے اتفاق رائے قائم کرتے ہوئے ایوان بالا میں اپنے نمائندگان کو بھیجا جائے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ تاحال ہم نے اب تک سینیٹ انتخابات میں اپوزیشن یا حکومت میں سے کسی کا ساتھ دینے کا حتمی فیصلہ نہیں کیا تاہم وقت آنے پر ہم اپنا فیصلہ سب کے سامنے رکھیں گے تاہم ہمارا فیصلہ آئین کی بالادستی،جمہور کے استحکام اور بلوچستان کے مفادات کو مقدم رکھتے ہوئے ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں