سابق امریکی ماڈل کی لاش برآمد

ورجینیا:ورجینیا پولیس نے سابق ماڈل کی لاش ہائی وے سے برآمد کرلی۔ ریبیکا لینڈرتھ کو 18 گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا۔ امریکی میڈیا کے مطابق ریبیکا لینڈرتھ کی لاش پینسلوینیا کی ہائی وے سے ملی۔ امریکی ریاست ورجینیا سے تعلق رکھنے والی سابق ماڈل ریبیکا لینڈرتھ کئی روز سے لاپتا تھیں۔ لاش کو سب سے پہلے پینسلوینیا کے محکمہ ٹرانسپورٹ کے ملازم نے دیکھا، جس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی۔ پولیس کے مطابق ریبیکا کے سر، گردن، سینے اور ہاتھ پر گولیوں کے نشان پائے گئے ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق 47 سالہ ریبیکا لینڈرتھ کو 18 گولیاں ماری گئیں اور ان کی موت 7 فروری کو ہوئی، جب کہ ان کی جیب سے ملنے والی پرچی سے مبینہ قاتل کا سراغ لگا کر اسے حراست میں لے لیا گیا ہے۔ گرفتار ملزم ریبیکا کا سابق دوست ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حراست میں لیا گیا ملزم پیشے کے لحاظ سے ٹرک ڈرائیور ہے، جس کا تعلق ٹیکساس سے ہے۔ رپورٹس کے مطابق ملزم کی عمر 28 سے 29 سال کے درمیان ہے۔ میڈیا میں آنے والی خبروں کے مطابق ملزم کا نام رولن جونیئر ہے۔ تحقیقات کے دوران پولیس اہلکاروں کو ملزم کی گاڑی سے خون کے دھبے، گولیوں کے خول بھی ملے ہیں، جب کہ گاڑی کی سیٹ اور فرش کو بھی دھونے کے شواہد سامنے آئے ہیں۔ ریبیکا لینڈرتھ کے بھائی کا کہنا ہے کہ تمام اہل خانہ ریبیکا سے بے حد پیار کرتے تھے، ضروری ہے کہ اسے انصاف ملے۔ پولیس کو دیئے گئے اپنے ابتدائی بیان میں ملزم رولن کا کہنا تھا کہ وہ ریبیکا نامی کسی خاتون کو نہیں جانتا، تاہم تفتیش میں دیگر شواہد سامنے آگئے۔ لاش کے ساتھ کوئی آلہ قتل برآمد نہیں کیا گیا۔ ملزم کے اہل خانہ کی جانب سے بھی قتل سے متعلق تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔ پولیس فی الحال قتل کے محرکات اور وجوہات کو سامنے نہیں لاسکی ہے۔ پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ ریبیکا کو ٹرک کے اندر پچھلے حصے میں قتل کیا گیا، جہاں سے شواہد حاصل کرلیئے گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں