اوتھل میں پولیس کی کارروائی، ڈکیت گرفتار، نقدی اور موبائل فون برآمد

اوتھل(این این آئی)اوتھل میں پو لیس نے کارروائی کر تے ہوئے تین ڈکیت کوگرفتار کر کے چھینی گئی رقم اور موبائل فون برآمد کر لیا۔ لسبیلہ پولیس کے ترجمان کی پریس رہلیز کے مطابق ایس ایس پی لسبیلہ کیپٹن ( ر ) نوید عالم کی ہدایت پر مورخہ 17-04-2024 کو مسمی علی بیگ سکنہ ضلع کوہلو حال اوڑکی لاکھڑا نے تھانہ لاکھڑا میں رپورٹ دی کہ شب گزشتہ وہ اپنی دکان بند کرکے دکان کے باہر چارپائی پر سو گیا۔ اچانک تین نامعلوم اشخاص آئے اور زبردستی اس کے ہاتھ پاں رومال سے باندھ کر جیب سے دکان کی چابی نکال لی۔ دکان کا تالہ کھول کر تقریبا 41 ہزار روپے نقد رقم اٹھائی اور جاتے ہوئے اس کا موبائل فون LG بھی چھین کر لے گئے۔ اس پر رپورٹ پر مقدمہ نمبر 03/2024 بجرم 392 ت پ برخلاف نامعلوم ملزمان تھانہ لاکھڑا میں درج کیا گیا۔ فوری طور پر کیپٹن(ر) نوید عالم ایس ایس پی لسبیلہ نے ضلع کے تمام SHOs کے ساتھ معلومات شیئر کرنے کی ہدایت کے ساتھ حکم دیا کہ ملزمان کو ہرصورت میں گرفتار کیا جائے اور لوٹ مار کرنے والوں کی گرفتاری کے لیے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جائے۔ حکم کی تعمیل میں سنیپ چیکنگ کے دوران اوتھل پولیس نے کھانٹا پل کے مقام پر راہزنی کی واردات میں ملوث ملزمان ظفر خان ولد نبی بخش، پیارا ولد وزیر خان، پیارا ولد خمیسہ اقوام بگٹی سکنہ ڈیرہ بگٹی کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے چھینی گئی نقدی، موبائل فون اور واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل بھی برآمد کرلی۔ گرفتار ملزمان کو لاکھڑا پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں