این اے 251،جن عناصر کو دوبارہ انتخابات کا شوق تھا وہ اب شوق بھی پورا کریں، مولانا واسع
کوئٹہ (آن لائن) صوبائی امیر جمعیت علما اسلام بلوچستان، سینیٹر مولانا عبدالواسع نے اپنے بیان میں کہا کہ جن عناصر کو دوبارہ انتخابات کا شوق تھا، وہ اب شوق بھی پورا کریں اور نتائج بھی دیکھ لیں۔ ہم انہیں واضح طور پر بتا دیں گے کہ سیاست خوشنما نعروں، کھوکھلے دعوں اور مصنوعی مقبولیت سے نہیں چلتی، بلکہ اس کی بنیاد ہمیشہ عملی کردار، خدمات، استقامت اور عوامی اعتماد پر ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علما اسلام کے اس ناقابلِ تسخیر قلعے پر نظر رکھنے والے لوگ ہمارے اسلاف کی عظیم جدوجہد اور تاریخ سے مکمل طور پر ناواقف ہیں۔ یہ وہ سرزمین ہے جہاں مولانا شمس الدین شہید نے اس دور میں حق کا پرچم بلند کیا جب اس خطے میں سیاسی شعور، تنظیم کاری اور عملی سیاست کا تصور بھی موجود نہ تھا۔ آج ہر پہاڑ، ہر بستی، ہر کوچہ اور ہر کلی جمعیت علما اسلام کے خدمات، قربانیوں اور روشن ماضی کی گواہی دے رہا ہے۔مولانا عبدالواسع نے کہا کہ جے یو آئی ایک بار پھر سیاسی انجینئرنگ کا نشانہ بنائی گئی، مگر ہمارے مخالفین اسی مصنوعی سہارے پر انحصار کرکے اپنی کمزوری کو مزید نمایاں کر رہے ہیں۔ اس کے باوجود آج صوبے کی تمام جمہوری قوتیں، سیاسی جماعتیں اور باشعور حلقے جے یو آئی کی سنجیدہ سیاسی حکمتِ عملی اور اصولی موقف کی طرف دیکھ رہے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس سلسلے میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی قیادت سے تفصیلی ملاقاتیں ہوئیں، جن میں اہم سیاسی امور، صوبے کی آئینی صورتحال اور مستقبل کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔


