بلوچستان کی ترقی تعلیم سے وابستہ ہے، نیشنل پارٹی ہمیشہ تعلیمی اداروں کے فروغ کیلئے کوشاں رہی ہے، ڈاکٹر مالک بلوچ
تربت (انتخاب نیوز) نیشنل پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے چراغ یونیورسل اسکول آپسر میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر اسکول کے اساتذہ، طلبہ، والدین اور نیشنل پارٹی کے رہنماﺅں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں اور ان کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دینا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کریں تاکہ وہ مستقبل میں بہتر مقام حاصل کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی تعلیم سے وابستہ ہے اور نیشنل پارٹی ہمیشہ تعلیمی اداروں کے فروغ اور حوصلہ افزائی کے لیے کوشاں رہی ہے۔ مزید خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ چراغ کے معنی روشنی ہیں اور مجھے یقین ہے کہ مستقبل میں یہی بچے قوم کے لیے کامیابی کی روشنی ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی کی جانب سے میں امید اور فخر کا اظہار کرتا ہوں۔ ضلع کیچ میں تعلیم کی بہتری کے لیے سرکاری اور نجی اسکولوں کا اہم کردار ہے، کیچ اس وقت بلوچستان میں تعلیمی میدان میں سرفہرست ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع کیچ میں شرح خواندگی 62 فیصد ہے، جس میں 43 فیصد لڑکے اور 42 فیصد لڑکیاں شامل ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری بچیاں بھی تعلیم کے میدان میں لڑکوں کے شانہ بشانہ آگے بڑھ رہی ہیں۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ بل گیٹس کا کہنا ہے کہ غریب پیدا ہونا تمہاری غلطی نہیں، لیکن غریب مرنا تمہاری غلطی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ جدید، ہنرمند اور معیاری تعلیم حاصل کرنا قوم کی بنیادی ضرورت ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو اسکولوں میں داخل کروائیں، اساتذہ سے کہا کہ وہ بچوں کو دل و جان سے پڑھائیں، جبکہ طلبہ کو تلقین کی کہ وہ پندرہ سے بیس سال محنت کریں تاکہ مستقبل میں قوم کو ہر شعبے میں اہل اور قابل افراد میسر آ سکیں۔ آخر میں انہوں نے ڈاکٹر نسیم بلوچ اور نوید تاج ایڈووکیٹ کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں نیشنل پارٹی وحدتِ بلوچستان کے میڈیا سیکرٹری حفیظ علی بخش، ضلعی نائب صدر حاجی شوکت، رابطہ سیکرٹری محمد حیات بلوچ، بی ایس او پجار کے رہنما باہوٹ چنگیز، اعجاز بلوچ، محراب مالک، جمال بلوچ، بلاچ رشید، نسیم جان ایڈووکیٹ، سیف اللہ سمیت دیگر رہنما بھی شریک تھے۔


