این اے 251 پر جیت جے یو آئی کی ہوگی، مولانا واسع

کوئٹہ(این این آئی) جمعیت علماءاسلام کے صوبائی امیر و سینیٹرمولانا عبدالواسع نے قلعہ سیف اللہ میں ضلعی مجلسِ عاملہ کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کے اس مضبوط قلعے کو کمزور کرنے کے لیے مختلف دعوے اور پروپیگنڈے کیے جا رہے ہیں، مگر جے یو آئی کا اس سرزمین سے نظریاتی، عوامی اور تاریخی تعلق کسی نوزائیدہ جماعت کے شور و شرابے سے متاثر نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہا کہ صوبائی اسمبلی کے تین حلقوں میں چند سو ووٹ لینے والوں کا قومی اسمبلی کے وسیع حلقے میں جے یو آئی کو شکست دینے کا دعویٰ نہ صرف مضحکہ خیز ہے بلکہ سیاسی بلوغت سے محرومی کی واضح مثال ہے۔مولانا عبدالواسع نے کہا کہ جب اس وقت سیاسی میدان میں جے یو آئی کا اوٹ نہ کرسکیں تو مولانا سید شمس الدین کو شہید کر کے ہمیں جسمانی طور پر محروم کیا گیا، مگر ان کا نظریہ، ان کا کردار اور ان کی جدوجہد آج بھی پوری قوت سے زندہ ہے۔انہوں نے کہا کہ مولانا سید شمس الدین شہید کے حقیقی نظریاتی وارث، اور ان کے مشن کے امین، مولانا سید سمیع الدین آج الیکشن کے میدان میں پوری ثابت قدمی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ یہ انتخاب صرف ایک سیاسی مقابلہ نہیں بلکہ شہید کے نظریے اور اصول کی عملی تکمیل ہے۔مولانا عبدالواسع نے مزید کہا کہ مولانا سید شمس الدین نے دین، ملت، تحفظ ختم نبوت اور جمعیت کے مشن کے لیے جو خدمات انجام دیں، وہ تاریخ کا روشن باب ہیں، اور ان کے افکار و نظریات کو آگے بڑھانے کے لیے ان کا وارث آج میدان میں موجود ہے۔اسی دوران انہوں نے ایک اہم پیشرفت کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ بہت جلد جمہوری اور حقیقی سیاسی جماعتیں بھی جے یو آئی کے اصولی مو¿قف کی تائید کرتے ہوئے، اٹھارہ دسمبر کے ری پول میں جے یو آئی کی باضابطہ حمایت کا اعلان کریں گی۔انہوں نے کہا کہ اٹھارہ دسمبر کو قلعہ سیف اللہ ثابت کرے گا کہ جے یو آئی کا یہ قلعہ ناقابلِ تسخیر ہے۔ یہاں جن کی نظریں بد نیتی سے اٹھتی ہیں، وہ ہمیشہ جھکی رہتی ہیں، اور عوام اپنے ووٹ سے ایک بار پھر نظریے اور شہداءکے وارثین کو سرخرو کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں