کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 13 سے 16دسمبر تک بارشوں اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کاامکان
کوئٹہ(این این آئی) محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ 12 دسمبر کی رات ملک میں ایک کم شدت کا مغربی سسٹم داخل ہونے پر کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں 13 سے 16 دسمبر تک ہلکی سے معتدل بارش، گرج چمک، پہاڑی علاقوں میں برفباری اور دھند کے امکانات ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ، زیارت،ژوب، شیرانی، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ اور نوشکی میں 14 اور 15 دسمبر کے دوران جزوی ابرآلود سے مکمل ابرآلود موسم کے ساتھ ہلکی بارش یا برفباری متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا کہ جنوبی اور وسطی بلوچستان میں شدید دھند چھا سکتی ہے جس سے شاہراہوں اور بین الاضلاعی راستوں پر حدِ نگاہ کم ہونے کے باعث ٹریفک متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ پہاڑی اور بلند مقامات پر بارش کے دوران لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے جبکہ سیاحوں اور مسافروں کو پھسلن اور کم حد نگاہ کے باعث احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے شمالی اور وسطی بلوچستان میں دن کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی کا امکان ہے کسانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ تازہ ترین موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے زرعی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کریں۔محمکہ موسمیات کے مطابق 19 دسمبر سے ایک اور مغربی سسٹم ملک کے مغربی اور بالائی علاقوں سمیت بلوچستان کو متاثر کر سکتا ہے۔


