شمالی بلوچستان میں شدید برفباری کے باعث سڑکیں بند، سینکڑوں افراد محصور
کوئٹہ (یو این اے) شمالی بلوچستان پاک افغان بارڈر کے علاقے توبہ کاکڑی، برشور، لوئے بند، بادینی، توبہ اچکزئی، کرتو، دوبندی کراس، مسلم باغ، کنجوغی، زیارت، سنجاوی، خرواری بابا، ہرنائی روڈ، خانوزئی، سپیرہ راغہ، جینجن لورالائی روڈ اس وقت شدید برف باری کے باعث ان علاقوں کی سڑکیں تاحال بند ہیں اور ان علاقوں کے باہمی رابطے منقطع اور سینکڑوں لوگ پھنسے ہوئے ہیں لیکن حکومت کی جانب سے تاحال ان علاقوں کے راستے کھولنے کیلئے اقدامات نہیں اٹھائے گئے ہیں۔ مقامی لوگوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان، کور کمانڈر 12 کور اور گورنر بلوچستان سے اپیل کی ہے کہ راستے کھولنے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے بلوچستان کی مشینری اس وقت قومی شاہراہوں پر بلاوجہ کھڑی ہے جبکہ قومی شاہراہوں سے برف ہٹانے کا کام این ایچ اے کا ہے جو وہ بخوبی سرانجام دے رہی ہے، صوبائی حکومت فوری طور پر ضلع پشین، ضلع زیارت، ضلع قلعہ سیف اللہ، ضلع قلعہ عبداللہ کے اندرون علاقوں کی سڑکیں کھولنے کیلئے پی ڈی ایم اے کی مشینری بھیج دیں اور ان علاقوں میں کسی ناگہانی آفات سے بچنے کیلئے پہلے سے اقدامات اٹھائیں اور غیر معمولی بلاوجہ سرگرمیوں پر فنڈز ضائع نہیں کریں۔


