فیض حمید عمران خان کیخلاف کسی بھی مقدمے میں سرکاری گواہ نہیں بن رہے، بیرسٹر میاں علی اشفاق
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کے وکیل نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے موکل سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف کسی بھی مقدمے میں سرکاری گواہ نہیں بن رہے۔ فیض حمید کے وکیل بیرسٹر میاں علی اشفاق نے ان خبروں کو مسترد کر دیا جن میں کہا جا رہا تھا کہ ان کے موکل عمران خان کیخلاف سرکاری گواہ بن سکتے ہیں۔ انہوں نے ان دعوﺅں کو ”قیاس آرائی پر مبنی اور بے بنیاد“ قرار دیا۔ بیرسٹر میاں علی اشفاق کا کہنا تھا کہ میڈیا اور سیاسی حلقوں میں گردش کرنے والی ان اطلاعات میں ”کوئی صداقت نہیں“ جن میں کہا جا رہا ہے کہ فیض حمید عمران خان کیخلاف مقدمات میں سرکاری گواہ بننے پر غور کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا، ”یہ تمام خبریں مکمل طور پر بے بنیاد اور محض قیاس آرائی ہیں۔“ یہ وضاحت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب بعض وفاقی وزراءاور اسٹیبلشمنٹ سے قربت کے حوالے سے معروف سینیٹر فیصل واوڈا متعدد مرتبہ یہ بیان دے چکے ہیں کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی سابق وزیراعظم کیخلاف گواہی دیں گے۔


