تحریک انصاف سے مذاکرات ہوں گے تو بانی پی ٹی آئی کی رہائی پر بات نہیں ہوگی، گورنر خیبر پختونخوا

پشاور (ویب ڈیسک) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف سے اگر مذاکرات ہوں گے تو بانی پی ٹی آئی کی رہائی پر بات نہیں ہوگی۔ نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا وفاقی حکومت کی پی ٹی آئی سے مذاکرات سے متعلق پیپلزپارٹی سے ابھی بات نہیں ہوئی، مذاکرات کی بات ہوتی تو چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کوئی بیان دیتے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پر اعتماد نہیں کیا جاسکتا، ماضی میں بھی پی ٹی آئی نے مذاکرات کو سبوتاژ کیا ہے، مذاکرات اگر ہوں گے تو بانی پی ٹی آئی کی رہائی پر بات نہیں ہوگی، بانی پی ٹی آئی اپنی سزا بھگتیں گے اور انہیں کوئی این آر او نہیں ملے گا۔ فیصل کریم کنڈی نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی نے ایک شخص کیلئے صوبے کو تباہ کیا ہوا ہے، پی ٹی آئی کو چاہیے کہ اپنے صوبے پر بھی توجہ دے، ہماری 16 مہینے کی حکومت میں ہم نے اتحادیوں اور پی ٹی آئی کو مذاکرات کے لیے بٹھایا تھا، لیکن اس کے بعد پی ٹی آئی نے 9 مئی واقعات کیے۔ گورنر کے پی نے مزید کہا کہ ہم ہمیشہ چاہتے ہیں کہ سیاسی مسئلے کا حل سیاستدان نکالیں، پی ٹی آئی قیادت ایک طرف کہتی ہے کہ مذاکرات کرتے ہیں، دوسری طرف بانی پی ٹی آئی اسلام آباد پر چڑھائی سے متعلق انتشار انگیز ٹوئٹ کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے