ممکنہ امریکی حملہ، روس نے وینزویلا کے آئل ٹینکر کی حفاظت کیلئے روسی آبدوز اور بحری دستے روانہ کردیے
ماسکو (مانیٹرنگ ڈیسک) روس نے بحرِاوقیانوس میں موجود بیلاون آئل ٹینکر کی حفاظت کے لیے فوری کارروائی کرتے ہوئے اپنی بحریہ کو احکامات جاری کر دیے ہیں اور آئل ٹینکر کے گرد اضافی بحری دستے اور آبدوزیں روانہ کر دی گئی ہیں۔ سی بی ایس نیوز کے مطابق روس نے اپنے تیل بردار بحری جہاز کو ممکنہ امریکی حملے سے بچانے کے لیے فوری طور پر کارروائی شروع کردی ہے، اور اپنی بحریہ کو احکامات جاری کر دیے۔ روس نے جہاز کے گرد اضافی کشتیاں تعینات کر دی ہیں اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔ امریکی حکام نے سی بی ایس نیوز کو بتایا کہ واشنگٹن اس جہاز کو نقصان پہنچانے یا ڈبونے کی بجائے قبضے میں لینا چاہتا ہے۔ یہ جہاز اس وقت خالی ہے، لیکن ماضی میں وینزویلا سے خام تیل کی ترسیل میں اہم کردار ادا کرتا رہا ہے۔ دوسری جانب روس نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ وہ اس معاملے میں مداخلت سے باز رہے اور جہاز کے تعاقب سے فوری طور پر دستبردار ہو جائے، امریکا کی جانب سے اس نوعیت کی کارروائیاں خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتی ہیں۔


