کسی کو فتح کرنے یا پتھر مارنے نہیں نکلے، ہمارا مقصد آئین کی حفاظت اور ظلم کیخلاف آواز بلند کرنا ہے، محمود اچکزئی

لاہور (ویب ڈیسک) تحریک تحفظ آئین پاکستان نے آج اپنی اسٹریٹ موبلائزیشن مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ مہم کی قیادت پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کر رہے ہیں، اور قافلہ اسلام آباد سے لاہور کے لیے روانہ ہو گیا ہے۔ یہ تین روزہ دورہ عوامی رابطہ مہم کا حصہ ہے، جس کا مقصد آئینی اقدار کے تحفظ اور عوامی حمایت حاصل کرنا ہے۔ محمود خان اچکزئی نے روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہم کسی کو فتح کرنے یا پتھر مارنے نہیں نکلے بلکہ ہمارا مقصد آئین کی حفاظت کرنا اور ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں 28 فروری کو ملک گیر احتجاج اور سرگرمیوں کی کال دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 8 فروری کو شٹر ڈاﺅن ہڑتال ہوگی، جس میں بسیں، ٹرک اور دیگر ٹرانسپورٹ بند رہیں گی، اور عوام پاکستان کی سڑکوں پر اپنی طاقت دکھائیں گے۔ قافلے میں بڑی تعداد میں گاڑیاں شامل ہیں اور مختلف مقامات پر تحریک تحفظ پاکستان کے رہنماﺅں کا پرتپاک استقبال کیا جا رہا ہے۔ قافلے میں اپوزیشن اتحاد کے دیگر رہنما، بشمول معین قریشی، سینئر نائب صدر علامہ راجہ ناصر عباس، نائب صدر مصطفی نواز کھوکھر، سیکرٹری جنرل اسد قیصر اور دیگر اہم رہنما شامل ہیں۔ لاہور پہنچنے پر قافلہ سیاسی اور سماجی شخصیات سے ملاقاتیں کرے گا، جبکہ کئی اہم سیاسی رہنما تحریک میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔ پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق تحریک کے سربراہ محمود خان اچکزئی پنجاب اسمبلی کا دورہ بھی کریں گے اور کوٹ لکھپت جیل میں قید رہنماﺅں شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید سے ملاقات کی کوشش کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں