کوئٹہ میں گیس، بجلی اور دیگر مسائل کے حل کے لیے تحریک شروع کی جائے گی،پشتونخوامیپ

کوئٹہ(یو این ا ے)پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ تحصیل سٹی کمیٹی کا اجلاس سینئر معاون سیکرٹری شکور افغان کی صدارت میں پارٹی کے ضلع معاون سیکرٹری ڈاکٹر حبیب اللہ کاکڑ کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا۔ اجلاس میں تنظیمی سیاسی امور اور بالخصوص سٹی تحصیل میں گیس کی بندش وپریشر کی شدید کمی،بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ، پینے کے صاف پانی کی عدم فراہمی،ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں، دکانداروں، تاجروں، مزدوروں، ریڑھی بانوں کو تنگ کرنے، صفائی کے ناقص نظام، چوری ڈکیتی، سٹریٹ کرائمز، ضلعی انتظامیہ ومیٹروپولین کارپوریشن کی جانب سے چھاپے مارنے، جرمانے عائد کرنے کے مکروہ عمل اور دیگر عوامی مسائل کو زیر غور لایا گیا۔ اجلاس میں ضلع آفس سیکرٹری نصیب اللہ نیازی، ضلع معاونین صاحب خان بڑیچ، ملک شاہجان اچکزئی، ڈاکٹر حبیب اللہ کاکڑ،حاجی عمر قریش، فضل ترین، سلیمان ترین، اسلم خلجی اور ضلع کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس سے پارٹی رہنماں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سٹی تحصیل میں مسائل گھمبیر ہوچکے ہیں عوام شدید مشکلات سے دوچارہیں لیکن مسائل کو حل کرنے میں نہ ہی حکومت اور نہ ہی مسلط نمائندے سنجیدہ ہیں۔ پارٹی مسلسل اخباری بیانات، سوئی سدرن گیس کمپنی، کیسکو، ٹریفک پولیس ودیگر انتظامی امور سے متعلق ریکارڈ کے طور پر عوامی مسائل دفاتر میں حکام کو آگاہ کرچکی ہیں لیکن بدقسمتی سے عوامی مسائل کو حل کرنے کی بجائے طفل تسلیوں سے کام لیا جارہا ہے۔کوئٹہ شہر مسائلستان کا گڑھ بنا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ہدایات کے مطابق عوام کی تائید وحمایت سے احتجاج کی راہ اپنائی جائیگی اور جلد ہی احتجاجی شیڈول تیار کرکے سوئی سدرن گیس کمپنی، کیسکو، ٹریفک پولیس، میٹروپولیٹن کارپوریشن، ضلعی انتظامیہ کی ناقص اور عوام دشمن اقدامات کے خلاف کوئٹہ شہر اور بالخصوص سٹی تحصیل کے مختلف مقامات پر احتجاج کیا جائے گا اور مسائل حل نہ ہونے پر احتجاج کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زوردیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ابتدائی یونٹس میں عوامی مسائل کی مزید نشاندہی کرتے ہوئے گلی محلے کی سطح پر عوام کو احتجاج کے لیے تیار رکھے تاکہ جمہوری پر امن احتجاج کے ذریعے اپنے عوام کو درپیش سخت ترین مشکلات واذیت ناک صورتحال سے نجات دلائی جاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں