گرینڈ الائنس کے قائدین اور کارکنوں کی گرفتاری قابل مذمت، بلوچستان کو اس کے آئینی، معاشی اور انسانی حقوق دیے جائیں، ثناءبلوچ

کوئٹہ (پ ر) ملازم دشمن حکومت کی جانب سے بلوچستان بھر میں بلوچستان گرینڈ الائنس کے قائدین اور کارکنوں کی گرفتاریوں کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ بی این پی کے رہنما ثناءبلوچ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پرامن، آئینی اور جمہوری جدوجہد کو طاقت کے زور پر ملازمین کو ہراساں کرنا اور زیر حراست رکھنا نہ صرف بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے بلکہ اس سے مسائل مزید گمبھیر ہوتے ہیں۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ گرینڈ الائنس کے تمام گرفتار رہنماﺅں اور کارکنوں کو فی الفور رہا کیا جائے اور ان کے تمام جائز مطالبات بلا تاخیر تسلیم کیے جائیں۔ بلوچستان گرینڈ الائنس کی جدوجہد دراصل آئینی حقوق، معاشی انصاف اور باوقار طرز حکمرانی کی جدوجہد ہے۔ ایک ایسا صوبہ جو دہائیوں سے بدانتظامی، کمزور ادارہ جاتی ڈھانچے اور سنگین ترجیحی غلطیوں کا شکار رہا ہو، آج اس نہج پر پہنچ چکا ہے کہ اربوں روپے ترقی کے نام پر محض کنکریٹ اور مبینہ طور پر جعلی و غیر مو¿ثر منصوبوں پر خرچ کیے جا رہے ہیں، جبکہ صوبے کے سرکاری ملازمین باعزت تنخواہوں، بروقت ادائیگیوں اور بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ 300 ارب روپے سے زائد رقم ایسے منصوبوں کی نذر ہو رہی ہے جن کا عام آدمی کی زندگی سے کوئی براہِ راست تعلق نہیں، جبکہ اساتذہ، ڈاکٹرز، نرسیں اور دیگر سرکاری ملازمین مہنگائی، غربت اور عدم تحفظ کے دباﺅ تلے پس رہے ہیں۔ یہ طرزِ حکمرانی نہ صرف ناکامی کی علامت ہے بلکہ صوبے میں احساسِ محرومی اور ریاستی اداروں پر عدم اعتماد کو مزید گہرا کر رہی ہے۔ بلوچستان گرینڈ الائنس کے مطالبات کسی ایک طبقے یا گروہ تک محدود نہیں بلکہ یہ صوبے کے اجتماعی مفاد، شفاف مالی نظم، وسائل کے درست اور منصفانہ استعمال، اور انسانی ترقی سے جڑے ہوئے ہیں۔ بلوچستان نیشنل پارٹی ان جائز مطالبات کی واضح اور دوٹوک حمایت کرتی ہے اور اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ جب تک ترقی کا مرکز انسان، روزگار اور بنیادی عوامی خدمات نہیں بنائے جائیں گے، محض کنکریٹ کے منصوبے بلوچستان کی پسماندگی کا مداوا نہیں بن سکتے۔ اب وقت آگیا ہے کہ ریاست اور وفاقی و صوبائی حکومتیں طاقت کے استعمال کے بجائے سنجیدہ مکالمے کا راستہ اختیار کریں، عوامی آواز کو سنا جائے اور بلوچستان کو اس کے آئینی، معاشی اور انسانی حقوق دیے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں