حکومت اور اداروں کی کوششوں سے بلوچستان کے امن میں بہتری آئی ہے، شہباز شریف
کوئٹہ(یو این اے )وزیراعظم شہبازشریف نے دورہ کوئٹہ کے دوران سیاسی رہنماوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج بلوچستان آنے پر مجھے بے حد خوشی ہے، تمام تر چیلنجز کے باوجود بلوچستان کابینہ اور ان کے سربراہ عوامی خدمت پر معمور ہیں، وزیراعلی بلوچستان کو بگٹی قبائل کے سربراہ بننے پر مبارک باد دیتا ہوں۔وزیراعظم نے کہا کہ کے پی کی طرح بلوچستان میں بھی دہشت گردی ہورہی ہے، فوج، لیویز، دیگر فورسز کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، دہشت گردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، فیلڈ مارشل افواج کو ساتھ لے کر دہشت گردی کے خلاف جنگ کو لیڈ کر رہے ہیں، فیلڈ مارشل نے 10مئی کو بھارت کے خلاف جنگ میں افواج کی قیادت کی، بلوچستان پاکستان کا خوبصورت حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ 2010میں این ایف سی ایوارڈ میں وزیراعلی اسلم ریئسانی نے کہا100فیصد اضافہ نہ کیا گیا تو دستخط نہیں کروں گا، پنجاب نے اپنے حصے میں سے11ارب روپے بلوچستان کو دیئے، اب این ایف سی ایوارڈ کی دوبارہ کمیٹی بنی ہے، کراچی چمن سڑک 300ارب روپے سے زیرتعمیر ہے، بلوچستان میں 5دانش اسکول تعمیر ہو رہے ہیں، دانش اسکول غریب بچوں،بچیوں کیلئے تعلیم کی فراہمی کا ذریعہ بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ نوازشریف نے بلوچستان کی ترقی کیلئے بے حد دلچسپی لی، زمین داروں کیلئے سولر ٹیوب ویل منصوبہ مکمل ہو چکا، ورلڈ بینک سے بلوچستان کیلئے400ملین روپے قرض لیا، بلوچستان کے متاثرہ افراد نے گھر بن رہے ہیں۔


