کراچی کے اسپتالوں میں ہیلتھ کارڈ کے تحت علاج کی بندش، کسی غریب کا علاج بند نہیں ہونا چاہیے، سرفراز بگٹی
کوئٹہ ( آئی این پی )وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کراچی کے مختلف اسپتالوں میں ہیلتھ کارڈ کے تحت علاج کی بندش سے متعلق شائع ہونے والی خبروں کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت اور ہیلتھ کارڈ پروگرام کے حکام سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی بلوچستان نے صوبائی وزیر صحت کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر فوری طور پر حل کریں تاکہ ہیلتھ کارڈ کے تحت زیر علاج کسی بھی مریض کا علاج متاثر نہ ہو۔ میر سرفراز بگٹی نے واضح طور پر کہا ہے کہ ہیلتھ کارڈ پر کسی بھی غریب اور مستحق مریض کا علاج رکنا ہرگز قابل قبول نہیں۔وزیر اعلی نے ہیلتھ کارڈ پروگرام کے تحت شامل تمام اسپتالوں کے واجبات فوری طور پر ادا کرنے کی بھی ہدایت جاری کی ہے تاکہ علاج معالجے کا عمل بلا تعطل جاری رہ سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہیلتھ کارڈ حکومت بلوچستان کا ایک فلاحی منصوبہ ہے جس کا مقصد غریب عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا ہے اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہیلتھ کارڈ کے ذریعے صوبے کے غریب اور نادار مریضوں کے علاج معالجے کا سلسلہ بدستور جاری رکھا جائے گا اور اس ضمن میں ذمہ داران کی غفلت پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


