خیبر پختونخوا حکومت بتا دے پولیس، ایف سی، فوجی جوانوں اور لوگوں کو کون شہید کر رہا ہے؟، فیصل کریم کنڈی
پشاور (ویب ڈیسک) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بتائیں افغانستان ملوث نہیں تو دہشت گردی میں کون ملوث ہے؟ صوبائی حکومت بتا دے پولیس، ایف سی، فوجی جوانوں اور لوگوں کو کون شہید کر رہا ہے؟ پشاور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ یہ چاہتے ہیں کہ فوج صوبے سے نکل جائے اور آپریشن نہ کرے، کیا پولیس خالی ہاتھ سے لڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ مانتے ہیں کہ وفاق نے صوبے کو سو فیصد حصہ نہیں دیا لیکن جو دیا ہے وہ کہاں لگایا؟ ضم اضلاع میں ایک تھانہ بھی بنایا گیا؟ ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری تسلیم کرتی ہے کہ افغانستان کی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال ہو رہی ہے، پاکستان نے انٹرنیشل فورم پر بتایا ہے کہ افغان سرزمین بھارت اور اسرائیل پاکستان کے خلاف استعمال کر رہے ہیں۔ گورنر کے پی نے کہا کہ اطلاعات ہیں کہ اچانک آئی ڈی پیز آئیں گے، ان کے لیے تیار رہنا چاہیے اور اس سلسلے میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے کراچی میں رویے پر حیرانی ہوئی، سہیل آفریدی نے کراچی میں ان شیڈول پروگرام کیے، وہاں کسی نے انہیں روکنے کی کوشش نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کو پاکستان کے دورے کا حق ہے، لیکن صوبے کی صورت حال پر وہ یہاں زیادہ وقت دیں۔ سیاسی جماعتوں اور متعلقہ اداروں کو مل کر دہشت گردی کے مقابلہ کرنا چاہیے۔


