وال اسٹریٹ جرنل جعلی خبریں پھیلانے والا ادارہ ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے معروف امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کو جعلی خبریں پھیلانے والا ادارہ قرار دیتے ہوئے سخت ردِعمل کا اظہار کیا ہے، جبکہ امریکی ملٹی نیشنل بینکنگ کمپنی جے پی مورگن چیز کے خلاف آئندہ دو ہفتوں میں قانونی کارروائی کا عندیہ بھی دے دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ نے وال اسٹریٹ جرنل کو دیے گئے اپنے بیان میں کہا کہ اخبار نے پہلے صفحے پر ایک مضمون شائع کیا جس میں دعویٰ کیا گیا کہ انہوں نے جے پی مورگن چیز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جیمی ڈیمون کو فیڈرل ریزرو کے چیئرمین کی پوسٹ کی پیشکش کی تھی، جو کہ سراسر جھوٹ اور بے بنیاد ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اس خبر میں بغیر کسی تصدیق کے یہ تاثر دیا گیا کہ انہوں نے جیمی ڈیمون کو فیڈرل ریزرو کی سربراہی کی پیشکش کی، حالانکہ یہ حقیقت نہیں۔ امریکی صدر نے واضح کیا کہ یہ رپورٹ من گھڑت اور گمراہ کن ہے، جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں