ریکوڈک میں 705 ملازمین جن میں 76 فیصد کا تعلق مقامی علاقوں سے ہے، ریکوڈک مائننگ کمپنی

نوکنڈی(نامہ نگار)ریکوڈک مائننگ کمپنی (RDMC) نے ریکوڈک منصوبے میں مقامی افراد کو ترقی کا محور قرار دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اس وقت منصوبے میں مجموعی طور پر 705 ملازمین خدمات انجام دے رہے ہیں، جن میں 76 فیصد کا تعلق مقامی علاقوں سے ہے۔ افرادی قوت میں 11 فیصد غیر ملکی جبکہ 13 فیصد دیگر قومی سطح کے ملازمین شامل ہیں، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ منصوبے میں بلوچستان بالخصوص ضلع چاغی کے لوگوں کو ترجیح دی جا رہی ہے۔کمپنی کے مطابق بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ملازمین میں 67 فیصد ضلع چاغی، 10 فیصد کوئٹہ، 4 فیصد نوشکی جبکہ 19 فیصد دیگر علاقوں سے ہیں۔ ریکوڈک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آپریشنل، تکنیکی اور انتظامی سطح پر مقامی افراد کے لیے روزگار اور ترقی کے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں تاکہ مقامی ٹیلنٹ مستقبل میں قیادت کا کردار ادا کر سکے۔اس مقصد کے تحت تکنیکی اداروں کے ساتھ شراکت داری میں خصوصی تربیتی پروگرام متعارف کرائے گئے ہیں، جن کے ذریعے نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق منصوبے میں صنفی شمولیت پر بھی توجہ دی جا رہی ہے، جہاں 12 فیصد خواتین اور 88 فیصد مرد افرادی قوت کا حصہ ہیں۔ریکوڈک انتظامیہ کا مزید کہنا ہے کہ منصوبے کا مقصد صرف ایک کان کی تعمیر نہیں بلکہ مقامی کمیونیٹیز کو مضبوط بنا کر ضلع چاغی میں پائیدار ترقی اور آنے والی نسلوں کو بااختیار بنانا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں