عمران خان اور بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق تشویش ہے، ملاقات نہ ہونے پر کارکنوں میں بے چینی پھیل رہی ہے، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق انہیں تشویش ہے اور ان سے جیل میں ملاقات نہ ہونے کے باعث ان کی جماعت کے کارکنوں میں بے چینی پھیل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ایک خبر ملی تھی کہ اڈیالہ جیل میں عمران خان کی آنکھ میں تکلیف ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پمز ہسپتال کے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے اڈیالہ جیل میں عمران خان کا مکمل میڈیکل چیک اپ کیا تھا اور جیل انتظامیہ کے مطابق ڈاکٹروں کی ٹیم نے عمران خان کو مکمل فٹ قرار دیا۔ منگل کے روز اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وہ آج بھی چیف جسٹس سے اس ضمن میں ملاقات کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی اسمبلی نے عمران خان سے ملاقات کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست جمع کروائی ہے۔ بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ ملاقات پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا موقف واضح ہے کہ دہشتگردی پر سیاست نہیں ہونی چاہیے اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے