اسرائیل ایران کیخلاف فوجی کارروائی کیلئے امریکا پر دباﺅ ڈال رہا ہے، ترک وزیر خارجہ
کراچی (ویب ڈیسک) ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے ایرانی وزیر خارجہ کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کا کردار خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرناک ہے اور اسرائیل ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے لیے امریکا پر دباو¿ ڈال رہا ہے۔ ہاکان فیدان کا کہنا تھا کہ ترکیہ ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی فوجی کارروائی کی سخت مخالفت کرتا ہے، کیونکہ اس طرح کے اقدامات سے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی مزید بڑھے گی اور اس کے منفی اثرات پورے خطے میں محسوس کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے خاتمے کے لیے امریکا اور ایران کے درمیان جوہری مذاکرات کی بحالی ناگزیر ہے اور سفارتی ذرائع سے مسائل کا حل تلاش کیا جانا چاہیے۔ ترک وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ امریکا ایران پر حملہ نہیں کرے گا اور تمام فریق دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پرامن راستہ اختیار کریں گے۔


