پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ خوش آئند اور معیشت کے لیے مثبت اشارہ ہے، کاشف حیدری
کوئٹہ (ویب ڈیسک) مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے ترجمان کاشف حیدری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ موجودہ حالات میں معیشت کے لیے ایک مثبت اور حوصلہ افزا اشارہ، حکومت مستقل بنیادوں پر عوام اور تاجر دوست پالیسیوں کو اپنائے تاکہ معیشت کو استحکام مل سکے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کیا، انہوں نے کہا کہ ملک میں پہلے ہی مہنگائی، بڑھتے ہوئے اخراجات اور کاروباری دباﺅ نے تاجروں اور عام آدمی کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے، ایسے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کسی بھی ممکنہ اضافے کے اثرات براہِ راست روزمرہ زندگی اور کاروباری سرگرمیوں پر پڑتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت اس موقع پر قیمتوں میں اضافہ کر دیتی تو اس کا بوجھ فوری طور پر عوام اور تاجر برادری پر منتقل ہوتا اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافہ دیکھنے میں آتا جس سے حالات مزید گمبھیر ہو جاتے۔ کاشف حیدری کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں مہنگائی اپنی انتہا کو چھو رہی ہے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی سا اضافہ بھی ٹرانسپورٹ اور کاروباری لاگت پر اثر انداز ہوتا ہے جس کے نتیجے میں عام آدمی اور تاجر دونوں شدید بحران کا شکار ہو جاتے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ تاجر برادری اور عوام پہلے ہی بجلی و گیس کے بھاری بلوں اور ٹیکسوں کی بھرمار کے باعث معاشی دباو¿ کا سامنا کر رہے ہیں، ایسے میں قیمتوں میں اضافہ تباہ کن ثابت ہوتا اور کاروباری سرگرمیاں مزید سست روی کا شکار ہو جاتیں۔ انہوں نے حکومت کے اس فیصلے کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے وقتی طور پر مہنگائی کے نئے طوفان کو روکنے میں مدد ملے گی تاہم حکومت کو چاہیے کہ وہ مستقل بنیادوں پر عوام اور تاجر دوست پالیسیاں وضع کرے تاکہ معیشت کو استحکام ملے اور کاروباری طبقہ یکسوئی کے ساتھ اپنی سرگرمیاں جاری رکھ سکے۔


