گوادر میں حقیقی متاثرین کو نظر انداز کرکے امدادی چیک سیاسی بنیادوں پر تقسیم کرنے کی تحقیقات کی جائے، ارشد کلمتی
گوادر (بیورو رپورٹ) میر کاروان کے سربراہ میر ارشد کلمتی نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں حالیہ امدادی چیکوں کی تقسیم پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چیکوں کی تقسیم میرٹ کے بجائے سیاسی بنیادوں پر کی گئی ہے، جس سے مستحق افراد نظر انداز ہو گئے ہیں۔ میر ارشد کلمتی کا کہنا تھا کہ حالیہ شدید طوفانی بارشوں کے بعد متاثرہ علاقوں میں ہزاروں افراد کا سروے کیا گیا تھا، تاہم امداد کی تقسیم کے وقت غریب اور حقیقی متاثرین کو نظر انداز کر دیا گیا۔ ان کے مطابق چیک صرف منتخب نمائندوں کے قریبی افراد، کونسلران اور ڈپٹی کمشنر گوادر آفس سے وابستہ لوگوں میں تقسیم کیے گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ متعدد مستحق اور غریب خاندان اب بھی کسی قسم کی مالی معاونت سے محروم ہیں، جو کہ نہایت افسوسناک اور تشویشناک عمل ہے۔ میر ارشد کلمتی نے مطالبہ کیا کہ صوبائی حکومت اس جانبدار امدادی عمل کی فوری طور پر تحقیق کرائیں۔


