بلوچی زبان و ادب کے عظیم مفکر سید ہاشمی کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے صد سالہ تقریبات کے انعقاد کی تیاریاں

گوادر (بیورو رپورٹ) بلوچی زبان و ادب کے عظیم محسن، مفکر اور لغت نویس سید ہاشمی کی وفات کے سو سال مکمل ہونے پر21 اپریل 2026 کو سید شادھ کے طور پر منانے کے حوالے سے ایک اہم مشاورتی اجلاس سید اکیڈمی گوادر میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت سید اکیڈمی کے صدر علی عیسیٰ نے کی، جس میں پروگراموں کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سید اکیڈمی کے ماجد سہرابی، یونس حسین، انور عیسیٰ، طارق فیض، آر سی ڈی کونسل کے سابق صدر ناصر رحیم، جنرل سیکرٹری بہرام بلوچ اور عبداللہ عثمان نے شرکت کی۔ شرکاءنے 21 اور 22 اپریل کو منعقد ہونے والی دو روزہ تقریبات کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی، یہ یادگار تقریبات سید اکیڈمی اور آر سی ڈی کونسل گوادر کے مشترکہ تعاون سے منعقد ہوں گی۔ دو روزہ پروگرام 21 اور 22 اپریل کو سید ہاشمی آڈیٹوریم(آر سی ڈی کونسل) میں سجے گا۔ ملک بھر سے بلوچی زبان کے نامور ادیب، محقق اور دانشور شرکت کریں گے، جو سید ہاشمی کی علمی خدمات، ان کی حیات اور شہرہ آفاق بلوچی ڈکشنری پر اپنے مقالات پیش کریں گے۔ تقریب میں جہاں علمی نشستیں ہوں گی، وہیں بلوچی مشاعرہ اور روایتی موسیقی کی محفلیں بھی پروگرام کا حصہ ہوں گی، جبکہ ایک نمائش بھی ہوگا جس میں سید ظہور ہاشمی کے تصاویر اور انکے زیر استعمال اشیاءرکھے جائیں گے جو شرکاءکی توجہ کا مرکز بنیں گی۔ اجلاس کے اختتام پر صدر مجلس اور دیگر شرکاءنے اس عزم کا اظہار کیا کہ سید ہاشمی کی صد سالہ تقریبات کو اس تاریخی انداز میں منایا جائے گا جو ان کے عظیم قد و قامت کے شایانِ شان ہو۔ یہ تقریبات نہ صرف سید ہاشمی کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا ذریعہ ہوں گی بلکہ نئی نسل کو اپنی مادری زبان اور علمی ورثے سے جوڑنے میں بھی کلیدی کردار ادا کریں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں