عدالت عالیہ نے بلوچستان اسمبلی کی عمارت کو مسمار کرنے کا عمل روک دیا، ٹینڈر پر حکم امتناعی جاری

کوئٹہ (یو این اے) بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس محمد کامران خان ملاخیل اور جسٹس نجم الدین مینگل پر مشتمل ڈویژن بینچ نے پیر 4 مئی 2026ءکو ایک اہم سماعت کے دوران بلوچستان اسمبلی کی عمارت کو منہدم کرنے کیخلاف حکم امتناعی جاری کردیا ہے۔ عدالت عالیہ نے امان اللہ کنرانی ایڈووکیٹ اور نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی کی جانب سے دائر آئینی درخواستوں پر کارروائی کرتے ہوئے محکمہ مواصلات و تعمیرات کو پابند کیا ہے کہ وہ مجوزہ ٹینڈر نوٹس کو، جو کہ 7 مئی 2026ءکو کھولا جانا تھا، اگلی سماعت یعنی 11 مئی 2026ءتک کھولنے سے باز رہے۔ عدالت میں درخواست گزار امان اللہ کنرانی نے اپنی پیروی خود کی جبکہ نوابزادہ لشکری رئیسانی کی جانب سے محمد ریاض احمد ایڈووکیٹ اور حکومت بلوچستان کی طرف سے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل شہیک بلوچ پیش ہوئے۔ عدالتی فیصلے کے بعد فی الحال بلوچستان اسمبلی کی عمارت کو مسمار کرنے کا عمل روک دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں