سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کی ٹانگیں نہ کھینچیں، شہباز شریف پارلیمنٹ کو مضبوط کرو میں آپ کی غیر مشروط حمایت کروں گا، محمود اچکزئی
اسلام آباد (ویب ڈیسک) محمود خان اچکزئی نے کہا کہ شہباز شریف سے کہتا ہوں اس پارلیمنٹ کو مضبوط کرو، اسی میں ملک کا بھی فائدہ ہے اور عوام کا بھی، میں آپ کی غیر مشروط حمایت کروں گا۔ اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ شہباز شریف کو کہتا ہوں کہ غلطیوں کی اصلاح ہو سکتی ہے، آئیں بیٹھیں اور معاملات کو آگے بڑھائیں۔ قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث کا آغاز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے اس ایوان کی مضبوطی کے لیے ہر مظلوم کا ساتھ دیا، کیا جیتے ہوئے لوگوں کو ہروانا آئین کی خلاف ورزی نہیں ہے؟ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ آپ کے کسانوں نے پیاز ٹماٹر آلو جانوروں کے سامنے پھینک دیے، فیڈریشن صوبوں کو پیسے دیتی ہے آپ نے صوبوں سے لے لیے، اقبال آفریدی کو آپ نے ایوان سے نکال دیا۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی پر اتنی سختی نہ کریں، یہ بری بات ہے، بانی پی ٹی آئی سے کسی کی ملاقات ہو جائے تو کیا ہو گا؟ ایک دوسرے کو جیلوں میں ڈالنے سے کچھ نہیں ہو گا۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ایک معاہدہ کریں تاکہ سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کی ٹانگیں نہ کھینچیں، جو انتخابات جیتے گا وہ 5 سال تک حکومت کرے گا۔


