ایسا بجٹ مرتب کریں گے جو صوبے کے روشن مستقبل، پائیدار ترقی اور عوامی توقعات کی حقیقی ترجمانی کرے، وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ (این این آئی) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیر صدارت آئندہ صوبائی بجٹ کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کا ایک اہم مشاورتی اجلاس ہفتہ کو چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی، بلوچستان عوامی پارٹی، جماعت اسلامی اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے پارلیمانی رہنماﺅں نے شرکت کی۔ اجلاس میں مالی سال2026-27 کے صوبائی بجٹ کی تیاری، ترقیاتی ترجیحات اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق مختلف تجاویز پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا شرکاءنے تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی، مواصلات، توانائی، بلدیاتی خدمات اور بنیادی انفراسٹرکچر سمیت مختلف شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں اور عوامی ضروریات کے حوالے سے اپنی آراءاور سفارشات پیش کیں۔ وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت ایک ایسا متوازن، حقیقت پسندانہ اور عوام دوست بجٹ پیش کرنے کے لیے پرعزم ہے، جو بلوچستان کے عوام کی ضروریات، ترقیاتی تقاضوں اور معاشی حقائق سے ہم آہنگ ہو۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بجٹ سازی کے عمل میں تمام سیاسی جماعتوں اور پارلیمانی نمائندوں کی آراءکو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کی مثبت تجاویز کو بجٹ کا حصہ بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں عوامی فلاح و بہبود، تعلیم، صحت، روزگار کے مواقع، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور سماجی شعبوں کی مضبوطی کو خصوصی ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کی توجہ ایسے ترقیاتی منصوبوں پر مرکوز ہے جو براہ راست عوام کی زندگیوں میں بہتری لائیں اور صوبے کی معاشی و سماجی ترقی میں مو¿ثر کردار ادا کریں۔ سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے پسماندہ، دور افتادہ اور کم ترقی یافتہ علاقوں کو ترقی کے قومی دھارے میں شامل کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وسائل کی منصفانہ تقسیم اور متوازن علاقائی ترقی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ صوبے کے تمام اضلاع یکساں ترقی کے ثمرات سے مستفید ہوسکیں۔ وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کے انتخاب اور تکمیل میں شفافیت، معیار، جوابدہی اور عوامی ضرورت کو بنیادی اصول بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے اور ترقیاتی عمل کی رفتار کو مزید تیز کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی پائیدار ترقی، معاشی استحکام اور عوامی خوشحالی کے حصول کے لیے اجتماعی دانش، سیاسی ہم آہنگی اور وسیع تر مشاورت ناگزیر ہے، حکومت تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر ایسا بجٹ مرتب کرے گی جو صوبے کے روشن مستقبل، پائیدار ترقی اور عوامی توقعات کی حقیقی ترجمانی کرے۔ اجلاس کے شرکاءنے بجٹ سازی کے عمل میں سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینے اور مشاورتی عمل کو فروغ دینے کے اقدام کو سراہتے ہوئے بلوچستان کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے اپنے بھرپور تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے