حکومت بلوچستان کی ڈیجیٹل میڈیا پالیسی پر سی پی این ای کو دعوت دیتا ہوں کہ کوئٹہ آکر اپنی تجاویز دیں، معاون وزیراعلیٰ
کوئٹہ (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ بلوچستان کے سیاسی و میڈیا امور کے معاون شاہد رند نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان میڈیا پالیسی پر تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت کی حامی ہے، شاہد رند نے مزید کہا کہ کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ کوئٹہ آکر حکومت بلوچستان کی ڈیجیٹل میڈیا پالیسی پر اپنی تجاویز دیں۔ معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے سیاسی و میڈیا امور شاہد رند نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان آزاد، ذمہ دار اور پیشہ ور صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے اور مجوزہ میڈیا پالیسی کے حوالے سے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی آراءکو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے انہوں نے کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان میڈیا کے نمائندہ اداروں سے تصادم نہیں بلکہ تعمیری مشاورت کی خواہاں ہے۔ اگر سی پی این ای کو مجوزہ میڈیا پالیسی کے حوالے سے کسی بھی نوعیت کے تحفظات یا تجاویز ہیں تو حکومت ان پر سنجیدہ غور کے لئے تیار ہے۔ شاہد رند نے کہا کہ ہم سی پی این ای کی قیادت کو باقاعدہ دعوت دیتے ہیں کہ وہ کوئٹہ تشریف لائے حکومت بلوچستان سے تفصیلی مشاورت کرے اور اپنی سفارشات پیش کرے تاکہ نئی میڈیا پالیسی کو انہی سفارشات کی روشنی میں مزید بہتر ، متوازن، شفاف اور قابلِ عمل بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان کا مقصد کسی بھی میڈیا شعبے کے ساتھ امتیازی سلوک کرنا نہیں بلکہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ، شفاف اور میرٹ پر مبنی نظام وضع کرنا ہے۔ اگر مشاورت کے دوران پالیسی کے کسی پہلو میں بہتری کی ضرورت محسوس ہوئی تو حکومت مثبت تجاویز پر سنجیدگی سے غور کرے گی۔ شاہد رند نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کا واضح مو¿قف ہے کہ حکومت کا مقصد کسی بھی شعبہ صحافت یا میڈیا ادارے کے ساتھ امتیازی سلوک کرنا نہیں بلکہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ، میرٹ، شفافیت اور مساوی مواقع پر مبنی میڈیا فریم ورک تشکیل دینا ہے۔ اگر مشاورت کے دوران پالیسی کے کسی پہلو میں بہتری کی ضرورت محسوس ہوئی تو حکومت مثبت تجاویز کو خوش دلی سے قبول کرے گی۔


