گوادر میں پولیس موبائل پر حملہ کرکے فرار ہونیوالے 2 دہشتگردوں کی گرفتاری سیکورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت کا ثبوت ہے، معاون داخلہ برائے حکومت بلوچستان

کوئٹہ (ویب ڈیسک) معاون برائے داخلہ حکومت بلوچستان بابر یوسفزئی نے اپنے سوشل میڈیا اکاﺅنٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ گوادر کے ڈھور چوک کے قریب پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بروقت مشترکہ کارروائی قابل تحسین ہے، دو دہشتگردوں کی گرفتاری سیکورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت کا ثبوت ہے۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کامیاب کارروائی پر زبردست خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔ دہشت گردوں کیخلاف بلاامتیاز کارروائیاں ریاست کی رٹ کو مزید مضبوط بنائیں گی۔ پولیس موبائل پر حملے کے بعد فرار ہونے والے دہشت گردوں کا تعاقب کرکے انہیں گرفتار کرنا بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور فوری ردعمل کی بہترین مثال ہے۔ گرفتار دہشت گردوں سے اہم انکشافات کی توقع ہے، تحقیقات کا دائرہ وسیع کیے جانے سے دہشت گردی کے سہولت کاروں اور نیٹ ورک تک پہنچنے میں مدد ملے گی۔ گوادر میں کامیاب کارروائی اس امر کا واضح پیغام ہے کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں