ہنہ اوڑک میں مسلح افراد کے حملے پر فورسز کا آپریشن، 3 دہشتگرد ہلاک، 2اہلکار زخمی، 7 افراد کو اغوا کیا گیا، وزیر داخلہ ضیا اللہ لانگو

کوئٹہ (یو این اے) وزیر داخلہ بلوچستان ضیا اللہ لانگو اور معاون وزیراعلیٰ بلوچستان شاہد رند نے پریس کانفرنس اور بیانات میں بتایا کہ گزشتہ رات دہشتگردوں نے ہنہ اوڑک کے محب وطن لوگوں پر حملہ کیا، جہاں علاقہ مکینوں نے بہادری سے دہشتگردوں کا مقابلہ کر کے انہیں بھاگنے پر مجبور کردیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر سیکورٹی فورسز کا دہشتگردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے، جس کے دوران 2 اے ٹی ایف اہلکار زخمی جبکہ 3 دہشتگرد مارے گئے ہیں، تاہم دہشتگرد 7 لوگوں کو اغوا کر کے لے گئے ہیں۔ ضیا اللہ لانگو نے کہا کہ ہنہ اوڑک میں چیک پوسٹ قائم کردی گئی ہے اور سیکورٹی فورسز فل ایکشن میں ہیں، کیونکہ دہشتگرد چاہتے ہیں کہ عوام ہنہ اوڑک چھوڑ جائیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان دہشتگردوں کو بھارت سپورٹ کر رہا ہے اور افغانستان اپنی سرزمین ان کو استعمال کرنے کے لیے دیتا ہے۔ سینیٹر منظور کاکڑ کے بیان پر انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنے ذاتی خیالات کا اظہار کیا ہوگا، جبکہ مظاہرین ہمارے اپنے ہیں اور ہم ان کے جذبات کا احترام کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں