حکومت بلوچستان نے صوبے میں پہلی مرتبہ ای ڈومیسائل اور ایلوکل سرٹیفکیٹ سسٹم متعارف کرا دیا،معاون وزیراعلیٰ

کوئٹہ (این این آئی) حکومت بلوچستان نے صوبے میں پہلی مرتبہ ای-ڈومیسائل اور ای-لوکل سرٹیفکیٹ سسٹم متعارف کرا دیا ہے۔ معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر ڈومیسائل اور لوکل سرٹیفکیٹ کے اجرا کے پورے نظام کو ڈیجیٹل بنایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو شفاف، تیز رفتار اور آسان خدمات فراہم کی جا سکیں۔شاہد رند کے مطابق نئے ای-ڈومیسائل سسٹم کے تحت شہری پاکستان بھر میں موجود نادرا سینٹرز، ڈپٹی کمشنر دفاتر اور پاک آئی ڈی پلیٹ فارم کے ذریعے ڈومیسائل اور لوکل سرٹیفکیٹ کے لیے درخواست دے سکیں گے، جس سے درخواست دہندگان کو دفاتر کے غیر ضروری چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ نئے ڈیجیٹل نظام کے نفاذ سے تاخیر، غیر ضروری دفتری مراحل، مڈل مین کے کردار اور جعلی ڈومیسائل و لوکل سرٹیفکیٹس کے اجرا کی مو¿ثر روک تھام ممکن ہوگی، جبکہ شہریوں کے ڈیٹا کے تحفظ، معلومات کی درستگی اور سرکاری اداروں کے لیے محفوظ تصدیقی نظام کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔معاون وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان عوامی خدمات کو جدید، شفاف اور مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کے وڑن پر عملی اقدامات کر رہی ہے اور ای-ڈومیسائل و ای-لوکل سرٹیفکیٹ سسٹم اسی سلسلے کی ایک اہم پیش رفت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں