مستونگ، کھڈ کوچہ میں لنگو آباد گرلز پرائمری اسکول تمام بنیادی سہولیات سے محروم، حکومت طالبات کو تدریسی ماحول فراہم کرے، بساک
مستونگ (ویب ڈیسک) بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے بلوچ لٹریسی مہم بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں واقع لنگو آباد گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول کی تشویشناک صورتحال کو اجاگر کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ یہ اسکول ان بنیادی وسائل کی شدید کمی کا شکار ہے جو کسی بھی اسکول کے باقاعدہ اور مناسب انداز میں چلنے کے لیے ضروری ہوتے ہیں۔ حکام کی جانب سے سنگ بنیاد رکھے جانے کے باوجود اس پرائمری اسکول کی تعمیر کا کام ایک سال سے تعطل کا شکار ہے۔ نتیجے کے طور پر اسکول کا بنیادی ڈھانچہ مناسب چار دیواری، کلاس رومز اور تعلیمی ماحول کے لیے درکار بنیادی فرنیچر سے محروم ہے۔ فرنیچر کی عدم دستیابی کے باعث اساتذہ طلبہ کو فرش پر پر پڑھانے پر مجبور ہیں۔ فی الحال، طلبہ نصابی کتب، بلیک/وائٹ بورڈز اور پنکھوں کے بغیر ہی کلاسوں میں شرکت کرتے ہیں۔ مزید برآں، اسکول میں بجلی کی سہولت بھی موجود نہیں ہے۔ اسکول کے موجودہ حالات ایسی ہے جو اسکول اور تعلیمی ماحول کے بنیادی معیارات سے یکسر مختلف ہیں۔ ان انتہائی نامساعد حالات کے باوجود، طلبہ پھر بھی اپنی تعلیمی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی اپنی بلوچ لٹریسی مہم کے ذریعے مذکورہ پرائمری اسکول کی موجودہ صورتحال کی جانب توجہ مبذول کراتی ہے اور حکام سے مطالبہ کرتی ہے کہ اسکول کی تعمیر کا کام فوری طور پر دوبارہ شروع کیا جائے تاکہ علاقے کے طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔


