وانا میں سیکورٹی فورسز نے خودکش حملے کیلئے تیار گاڑی تباہ کردی، ایک دہشتگرد ہلاک، 5 کو زخمی کردیا، وزیر داخلہ
اسلام آباد (آن لائن) سیکورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان لوئر کے علاقے وانا میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر بارودی مواد سے بھری ایک گاڑی کو خودکش حملے سے قبل تباہ کردیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے نتیجے میں ایک مشتبہ دہشت گرد ہلاک جبکہ پانچ زخمی ہوئے، شہری آبادی کو ممکنہ بڑے دہشت گرد حملے سے محفوظ بنا لیا گیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی وانا کے نواحی علاقے غواخوا میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، جہاں مبینہ طور پر دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی کسی بڑے دہشت گرد حملے میں استعمال کی جانی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز نے گاڑی کی مسلسل تین روز تک نگرانی کی اور اسے اس وقت نشانہ بنایا جب وہ آبادی سے دور پہنچ گئی، تاکہ شہریوں کی جان و مال کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچے۔ ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران بارودی مواد سے بھری گاڑی اور ایک موٹر سائیکل تباہ کردی گئی، جبکہ ایک مبینہ دہشتگرد ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کامیاب کارروائی کے ذریعے دہشت گردی کی بڑی کوشش ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بروقت کارروائی کے باعث وانا اور گرد و نواح کی شہری آبادی کو ممکنہ بڑی تباہی سے محفوظ بنایا گیا۔اپنے بیان میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بارود سے بھری گاڑی اور موٹر سائیکل کو دہشت گرد حملے سے قبل تباہ کیا، جس سے قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنایا گیا۔ علاوہ ازیں سی ٹی ڈی نے ڈیرہ اسماعیل خان ریجن میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران مطلوب دہشتگرد خالد عرف کمانڈر کو ہلاک کردیا۔سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے دہشتگرد نے گھیرے میں آنے پر ہتھیار ڈالنے کی متعدد بار پکار کے باوجود سی ٹی ڈی ٹیم پر فائرنگ شروع کر دی، جس پر جوابی کارروائی کے دوران دہشتگرد کو ہلاک کردیا گیا۔ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد شہید کانسٹیبل محمد علی کی ٹارگٹ کلنگ سمیت متعدد دیگر مقدمات میں ملوث تھا، جبکہ ہلاک دہشت گرد کا تعلق ٹی ٹی پی ذاکر کوچی کاروان گروپ سے تھا۔حکام کے مطابق ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے نائن ایم ایم پستول، ہینڈ گرینیڈ اور سمارٹ فون برآمد کرلیے گئے ہیں، برآمد شدہ سامان فرانزک تجزیے کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں، سہولت کاروں اور معاون نیٹ ورکس کے خلاف انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھے گی۔


