گدر واقعے کی تحقیقات کرائی جائیں طاقت کااستعمال ترک کرکے سنجیدہ مذاکرات شروع کیے جائیں، کبیرمحمد شہی
کوئٹہ(پ ر)نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میر کبیر احمد محمدشہی نے سوراب کے علاقے گدر میں معصوم شہریوں کی اموات اور زخمی ہونے کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ایک نہایت دلخراش سانحہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ عام آبادی پر حملہ اور خواتین و بچوں سمیت نہتے شہریوں کی جانوں کا نقصان ایک المناک واقعہ ہے جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے مگر بلوچستان میں طاقت کے بے دریغ استعمال کے نتیجے میں عام شہریوں کا نقصان نہایت تشویشناک عمل اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ اس اندوہناک واقعہ کی شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کرکے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے، زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور شہری آبادی کا تحفظ ہر حال میں یقینی بنایا جائے۔ بلوچستان کے مسئلے کے حل کے لیے طاقت کے استعمال کی پالیسی ترک کرکے سنجیدہ مکالمے کا آغاز کیا جائے اور عوام کے حق حکمرانی کو تسلیم کیا جائے تاکہ دہائیوں سے جاری کشت و خون کا سلسلہ ختم ہو۔


