مقتولہ کے والد اور بھائی نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر عائشہ گلامنہ کو قتل کروایا، پولیس
راولپنڈی پولیس نے سوشل میڈیا پرسنیلٹی شمسو بی بی عرف عائشہ گلامنہ کے قتل کی تفتیش میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے مقتولہ کے والد اور حقیقی بھائی سمیت پانچ افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ایس ایس پی آپریشنز طارق محبوب کے مطابق گرفتار افراد میں مقتولہ کا والد فضل، حقیقی بھائی بشیر، چچا زاد بھائی احسان، والد کا چچا روزی خان اور چچا زاد بھائی کا بیٹا یاسین شامل ہیں۔پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران سامنے آیا کہ مقتولہ کے والد اور بھائی نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر عائشہ گلامنہ کو قتل کروایا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے قانون کو دھوکہ دینے کے لیے واقعے کے بعد ایک ڈھونگ رچانے کی کوشش بھی کی۔پولیس کے مطابق سی پی او حسن مشتاق سکھیرا کی ہدایات پر قتل کے مقدمے کی تفتیش کے لیے متعدد خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں جو براہِ راست سی پی او کو پیش رفت سے آگاہ کرتی رہیں۔تفتیشی ٹیموں نے 100 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لیا جبکہ ہیومن انٹیلیجنس سمیت دستیاب دیگر ذرائع سے بھی معلومات اکٹھی کی گئیں۔پولیس کے مطابق تفتیش کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے حالات و واقعات کو مدنظر رکھتے ہوئے مقتولہ کے والد اور بھائی کو بھی شاملِ تفتیش کیا گیا۔ دوران تفتیش پولیس کے مطابق دونوں نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر عائشہ کو قتل کروانے کا انکشاف کیا۔


