بلوچستان میں دہشتگردی کا خاتمہ صرف آپریشنز سے نہیں بلکہ روزگار دینے سے ممکن ہے، خالد باٹھ
کوئٹہ(یو این اے)کسان پارٹی کے چیئرمین خالد باٹھ نے کہا ہے کہ دہشتگردی کا خاتمہ صرف سیکیورٹی آپریشنز کے ذریعے ممکن نہیں، بلکہ اس کے لیے نوجوانوں کو روزگار، تعلیم اور معاشی مواقع فراہم کرنا بھی ناگزیر ہے۔ باعزت روزگار کے مواقع میسر ہوں تو نوجوان پہاڑوں کا رخ کیوں کرے گا؟ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعہ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ھوئے کیا خالد باٹھ نے کہا کہ بلوچستان میں دہشتگردی کے بنیادی محرکات کے خاتمے کے لیے معاشی اور سماجی اقدامات پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرکے انہیں مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں زراعت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرکے نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا جائے تو نہ صرف صوبے کے معاشی مسائل میں کمی لائی جاسکتی ہے بلکہ دہشتگردی کی بنیادی وجوہات کا بھی مثر تدارک ممکن ہے۔خالد باٹھ نے دعوی کیا کہ اگر حکومت زراعت کے شعبے پر سنجیدہ اور عملی توجہ دے، کسانوں کو سہولیات فراہم کرے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرے تو چھ ماہ کے اندر دہشتگردی کے خاتمے کی جانب نمایاں پیش رفت حاصل کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار امن کے لیے سیکیورٹی اقدامات کے ساتھ ساتھ معاشی ترقی، تعلیم اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا ضروری ہے، نوجوانوں کو بہتر مستقبل دیا جائے تو انہیں دہشتگردی اور انتہاپسندی کی جانب جانے سے روکا جاسکتا ہے۔


