مستونگ نوزہ کانک میں مسلح افراد کی فائرنگ، دو افراد جاں بحق، ایک شدید زخمی
مستونگ (مانیٹرنگ ڈیسک) پولیس کے بیان کے مطابق مستونگ کے علاقے نوزہ کانک میں مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ نوزہ کانک کے علاقے میں پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے تین افراد کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں اور زخمی شخص کو طبی امداد اور ضروری کارروائی کے لیے کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔ جاں بحق افراد میں سے ایک کا تعلق ڈھاڈر جبکہ دوسرے کا تعلق مستونگ سے بتایا جاتا ہے، تاہم ان کی شناخت اور دیگر کوائف سے متعلق مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد مبینہ طور پر ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ایک گروہ سے تعلق رکھتے تھے اور مبینہ طور پر ایک پک اپ گاڑی چھیننے کے واقعے میں بھی ان کا نام سامنے آیا تھا۔ تینوں افراد کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے نشانہ بنایا۔ واقعے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں حکام کے مطابق فائرنگ کے واقعے کے محرکات، ملزمان کی شناخت اور واقعے کے دیگر پہلوو¿ں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔


