دالبندین، بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ سے کاروباری سرگرمیاں تباہ، تاجر برادری کا شدید احتجاج
دالبندین(یو این اے) بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے کاروباری سرگرمیاں اور معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر چاغی کے صدر مقام دالبندین میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث کاروباری سرگرمیاں اور معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ تاجر برادری کا کہنا ہے کہ کیسکو حکام کی جانب سے من مانی لوڈشیڈنگ شیڈول کے باعث کاروبار تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔ تاجر برادری کے مطابق دالبندین میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ایسے اوقات میں کی جا رہی ہے جب شہر میں کاروباری سرگرمیاں عروج پر ہوتی ہیں، جبکہ باقی اوقات میں بجلی فراہم کی جاتی ہے، جب کاروباری سرگرمیاں نسبتا کم ہوتی ہیں۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ دالبندین شہر کے سٹی ون فیڈر پر شام 4 بجے کاروبار کا وقت شروع ہوتے ہی بجلی بند کر دی جاتی ہے اور رات 7 بجے بحال کی جاتی ہے، اس وقت تک شہر میں اندھیرا چھا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ صبح کے اوقات میں بھی بعض اوقات ایک سے دو گھنٹے بجلی کی فراہمی معطل رہتی ہے۔ تاجر برادری کا کہنا ہے کہ موجودہ معاشی صورتحال کے باعث پہلے ہی کاروباری طبقہ شدید مشکلات سے دوچار اور کاروبار سے مایوس ہے، ایسے میں کاروباری اوقات میں طویل لوڈشیڈنگ نے رہی سہی کسر بھی پوری کردی ہے۔ تاجر برادری نے چیف کیسکو سے مطالبہ کیا ہے کہ دالبندین سٹی ون فیڈر پر شام 4 بجے سے 7 بجے تک جاری لوڈشیڈنگ فوری طور پر ختم کی جائے، کیونکہ اس سے کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔ تاجروں نے خبردار کیا کہ اگر مسئلہ فوری طور پر حل نہ کیا گیا تو وہ اس مبینہ ظالمانہ لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔


