دبئی سے تل ابیب جانے والے طیارے میں پائلٹوں کی لڑائی، ہائی جیکنگ الرٹ کے بعد سعودی عرب میں ایمرجنسی لینڈنگ

ابو ظہبی (مانیٹرنگ ڈیسک)دبئی سے تل ابیب جانے والی فلائی دبئی کی مسافر پرواز میں اس وقت ایک غیر معمولی اور سنسنی خیز صورتحال پیدا ہو گئی جب دورانِ پرواز کاک پٹ میں موجود پائلٹوں کے درمیان شدید تلخ کلامی اور لڑائی شروع ہوگئی۔ پائلٹوں کی اس آپسی جھڑپ کے دوران غلطی سے یا بوکھلاہٹ میں ایک مخصوص 7500 اسکواک کوڈ ایکٹیویٹ ہو گیا، جو ہائی جیکنگ یا غیرقانونی مداخلت کی نشاندہی کرتا ہے۔اس دوران طیارہ صرف دو منٹ سے کچھ زائد وقت میں شمالی مغربی سعودی عرب کے اوپر 17 ہزار 400 فٹ نیچے آیا، یعنی 34 ہزار فٹ سے تقریباً 16 ہزار 600 فٹ پر آگیا۔ اس سگنل کے بعد بین الاقوامی فضائی حدود میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔یہ طیارہ اپنے مقررہ وقت کے مطابق تل ابیب کے بن گوریان ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے والا تھا، تاہم اس ہنگامی صورتحال کے پیشِ نظر پرواز کا رخ موڑ کر اسے سعودی عرب کے تبوک ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا۔ طیارے میں تقریباً 180 مسافر سوار تھے۔ فلائی دبئی کی اس پرواز نے فضائی سفر کے دوران ’غیر قانونی مداخلت‘ یعنی طیارہ اغوا کیے جانے کا الرٹ اور بعد ازاں ایک اور عمومی ہنگامی سگنل بھیجا تھا۔تحقیقات کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ یہ تمام تر ہنگامہ آرائی اور ایمرجنسی سگنل کا اجرا کاک پٹ کے اندر موجود پائلٹوں کے درمیان ہونے والے جھگڑے کی وجہ سے پیش آیا تھا۔پرواز میں پیدا ہونے والے اس سیکیورٹی خدشے اور سگنل کے موصول ہوتے ہی اسرائیل میں اعلیٰ سطح کا سیکیورٹی اجلاس طلب کر لیا گیا۔ اسرائیلی ڈیفنس فورسز کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل ایال ضمیر نے واقعے کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے سینئر سیکیورٹی اور فوجی حکام کے ساتھ ایک ہنگامی جائزہ اجلاس منعقد کیا۔اس اجلاس میں اسرائیلی ایئر فورس کے چیف میجر جنرل عمر ٹشلر، آپریشنز ڈائریکٹوریٹ کے چیف میجر جنرل اتزک کوہن اور انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ کے چیف میجر جنرل شلومی بائنڈر نے شرکت کی۔ فوجی حکام نے واقعے کے تمام پہلوو¿ں کا جائزہ لیا ہے، تاہم فی الوقت اس سے متعلق مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے