مدینہ منورہ پر حملے کی جسارت سفاکیت کی انتہاءہے، مولانا فضل الرحمان
کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مدینہ منورہ پر حوثیوں کے حملے کی خبر پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس خبر سے دل رنجیدہ اور زخمی ہے۔ امن و سلامتی کے سب سے بڑے علمبردار، سرور کائنات صلی اللہ علیہ وسلم کے شہر پر حملے کی جسارت سفاکیت کی انتہاءہے۔ مدینہ منورہ پر حملہ محض ایک شہر پر نہیں بلکہ پورے عالم اسلام کے دلوں اور عقیدے پر حملہ ہے۔ مسلمان حکمرانوں اور امت مسلمہ کو تمام تر مصلحتیں بالائے طاق رکھتے ہوئے یکجا ہو کر حملہ آوروں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہوگا۔ ہم حضور نبی کریم ﷺ کے مقدس شہر کی حرمت اور تحفظ کے لیے اپنی جان، مال اور اولاد کی قربانی کو باعث فخر سمجھتے ہیں۔ انہوں نے مسلم قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان حکمران اگر حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے مضبوط اور مو¿ثر اتحاد قائم نہیں کریں گے تو پھر کب کریں گے؟ اب اسلامی بلاک کے قیام کی ضرورت پہلے سے کہیں بڑھ کر محسوس کرنے کا وقت ہے۔


