سوراب میں گیس، بجلی، ایل پی جی اور لکڑیوں کا بحران، شدید سردی میں عوام بے یار و مددگار

سوراب(نمائندہ انتخاب )دو ماہ سے زائد عرصے سے گیس کی عدم فراہمی، بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور ایل پی جی و لکڑیوں کی قلت نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا۔سوراب میں سردی کی شدت بڑھنے کے باوجود عوام کو بنیادی سہولیات میسر نہیں۔ گزشتہ دو ماہ سے زائد عرصے سے گیس غائب ہے، جبکہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کا کوئی واضح شیڈول بھی موجود نہیں۔ کبھی صبح سویرے ایک گھنٹہ، کبھی دوپہر میں ایک گھنٹہ، کبھی شام کے وقت ایک سے دو گھنٹے اور کبھی رات کو محض آدھے گھنٹے کے لیے بجلی فراہم کی جاتی ہے۔دوسری جانب ایل پی جی کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے باہر ہیں، جبکہ ایل پی جی کی عدم دستیابی اور لکڑیوں کی قلت نے شہریوں کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ شدید سردی میں کھانا پکانے اور گھروں کو گرم رکھنے جیسے بنیادی امور بھی مشکل ہو گئے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس کی عدم فراہمی، بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور متبادل ایندھن کی قلت نے زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ عوامی حلقوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سوراب میں گیس کی فراہمی فوری بحال، بجلی کی لوڈشیڈنگ کا واضح شیڈول جاری اور ایل پی جی سمیت دیگر ایندھن کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے