کوئٹہ، پریس کلب کے باہر ایک روزہ کتب میلے کا انعقاد

کوئٹہ:فرینڈز آف بکس (Friends of Books) کے زیر اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے باہر ایک روزہ کتب میلے کا انعقاد کیا گیا جس میں تکتو کتابتون اور کتابونہ پلورنزئی کی جانب سے کتابوں کے اسٹال لگائے گئے۔نیشنل پارٹی کے سیکرٹری جنرل جان محمد بلیدی، جامعہ لورالائی میں پشتو ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمین صادق ژڑک، پشتونخوا میپ کے رزاق بڑیچ سمیت سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں، ادیبوں، دانشوروں، طلباء و طالبات اور نوجوانوں نے کتب میلے کا دورہ کیا اورکہا کہ کتب میلے کے انعقاد کو خوش آئند ہے جس سے نوجوانوں کو مطالعے کی جانب راغب ہوں گے اور کتاب کی اہمیت کو اجاگر کیا جاسکے گا۔ اس موقع پر کتب میلے کے منتظم کبیر افغان نے آئی این پی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دور جدید اور ٹیکنالوجی کے دور میں بھی کتاب کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا، نوجوان ملک وقوم کے مستقبل کے معمار ہیں جن کی ذہنی نشوونما، تعمیر و ترقی کے لئے انہیں کتاب اور مطالعے کی جانب راغب کرنا وقت کا تقاضا ہے، کتاب انسان کا بہترین دوست ہے، کتب میلے سے کتاب کی اہمیت کو اجاگر کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کتاب میلے کے انعقاد کا مقصد نوجوانوں کو کتاب دوستی اور مطالعے کی عادت کی جانب راغب کرنا ہے اور ساتھ ہی جدید کتب کی نوجوانوں اور طلباء و طالبات کو بآسانی فراہمی یقینی بنانا تھا۔ انہوں نے کہاکہ کتب میلے سے کتاب کی اہمیت کو اجاگر کیا جاسکتا ہے جس کے لئے وقتا فوقتاً سے جامعات، کالجز، تعلیمی اداروں سمیت پبلک مقامات پر کتب میلوں کا انعقاد کرانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ انسان کا کتاب سے بہتر دوست کوئی نہیں ہے،معاشرے کی ترقی حصول علم اور تعلیم کے فروغ میں مضمر ہے جبکہ نوجوان ملک کا روشن مستقبل اور قوم کے معمار ہیں جن کی ذہنی نشوونما، تعمیر و ترقی اور خاص کر تاریخ سے آگاہ آشنا کرانے کے لئے اساتذہ، ادیبوں اور سیاسی جماعتوں کو کردار ادا کرنا چاہیے اسی مقصد کے لئے کتاب میلے کا انعقاد کیا گیا ہے۔ کتب میلے میں سیاسی سماجی شخصیات کے علاوہ کتب شوقین افراد نے شرکت کی اور کتابیں خریدی۔ میلے میں پشتون، بلوچی اور براہوی زبان وادب، سیاست، مذہب، طب ودیگر موضوعات پر ملکی و غیر ملکی کتابیں موجود تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں